صنعاء،9مئی (ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)یمنی دارالحکومت صنعاء میں نامعلوم مسلح افراد نے حوثی کمانڈر ابو یوسف حطبہ کو اس کے تین ساتھیوں سمیت ہلاک کر دیا۔ ابو یوسف حوثی رہ نما احمد صلاح حطبہ کا بیٹا ہے۔سرکاری فوج کی ترجمان ویب سائٹ ’’ستمبر نیٹ‘‘نے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ ابو یوسف کی ہلاکت کے پیچھے معزول صدر علی عبداللہ صالح کا ہاتھ ہے۔ ابو یوسف صنعاء صوبے کی جنوبی پٹی کا نگراں تھا۔دوسری جانب یمنی وزیر خارجہ عبدالملک المخلافی نے اس امر میں شکوک کا اظہار کیا ہے کہ اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی اسماعیل ولد الشیخ احمد کا آئندہ دورہ امن مذاکرات کو پھر سے زندہ کرنے میں کسی قسم کی پیش قدمی کو یقینی بنا سکے گا۔لندن سے جاری ہونے والے عربی روزنامے "الحیات" کو دیے گئے بیان میں المخلافی کا کہنا تھا کہ باغیوں کی جانب سے بین الاقوامی کوششوں کا مثبت جواب نہ دیے جانے کے سبب ولد الشیخ کے دورے کے مقاصد پورے نہیں ہو سکیں گے۔المخلافی نے اس موقف کو ایک مرتبہ پھردہرایا کہ آئندہ کوئی بھی مشاورت تسلیم شدہ حوالوں کے مطابق ہونا چاہیے۔